ابنا: حصول انصاف کے نام سے مصري عوام کا ملين مارچ بدستور جاري ہے اور لاکھوں کي تعداد ميں لوگ قاہرہ کے تحرير اسکوائر پر دھرنا ديئے بيٹھے ہيں۔ ملک کے مختلف شہروں سے عوام کے مزيد قافلے آج صبح سے ملين مارچ ميں شرکت کے لئے قاہرہ پہنچنا شروع ہوگئے تھے-مظاہرين ملک کے سابق ڈکٹيٹر حسني مبارک کو سزائے موت دينے اور اسکے باقي ساتھيوں کو سخت سزائيں دينے کا مطالبہ کر رہے ہيں۔
مصر ميں مظاہرين نے آمريت کے دور کے آخري وزير اعظم احمدي شفيق سميت تمام سابق عہديداروں کو معزول کرنے اور انتخابات ميں حصہ لينے پر پابندي لگانے کا مطالبہ ایک بار پھر اپنے ايجنڈے ميں شامل کرديا ہے۔
صدارتي اليکشن کے دوسرے مرحلے ميں پہنچنے والے آزادي اور انصاف پارٹي کے اميدوار محمد مرسي اور پہلے مرحلے ميں ناکام ہوجانے والے صدارتي اميدوار عبدالمنعم ابو الفتوح بدھ کو ايک بہت بڑے مارچ کي قيادت کرتے ہوئے تحرير اسکوائر پہنچے ہيں۔
ديگر انقلابي تنظيموں اور سياسي جماعتوں نے بھي ملين مارچ ميں بھرپور شرکت کا پہلے سے ہي اعلان کر رکھا ہے۔ ہزاروں کي تعداد ميں مصري شہري جن ميں انقلابي يوتھ فيڈريشن سے تعلق رکھنے والوں کي بہت بڑي تعداد شامل ہے قاہرہ کے تحرير اسکوائر پر دھرنا ديئے بيٹھے ہيں۔
ادھر مصر کے آخري وزيراعظم اور دوسرے دورے کے صدارتي اميدوار احمدي شفيق نے مظاہروں کو جاہلانہ اقدام قرار ديا ہے۔ملين مارچ پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حسني مبارک اور اسکے ساتھيوں کے خلاف از سرنو مقدمہ چلائے جانے کے لئے مظاہرہ کرنا جہالت ہے۔
احمد شفيق اور محمد مرسي مصر کے صدارتي انتخابات کے دوسرے مرحلے ميں پہنچنے ميں کامياب ہوئے ہيں۔احمد شفيق کے لئے عوامي حلقوں کا کہنا ہے کہ انہيں حکمران کونسل کے تعاون سے خفيہ ہاتھوں نے صدارتي اليکشن کے دوسرے مرحلے ميں پہنچايا ہے۔ مصر ميں دوسرے دور کے صدارتي انتخابات کے لئے 16 اور 17 جون کو ووٹ ڈالے جائيں گے۔.......
/169